لاہور ائیرپورٹ پرجی پی ایس کے سگنل غائب ہونیکا معاملہ، پروازوں کیلئے نیا نوٹم جاری

lahore

لاہور ائیر پورٹ کے اطراف طیاروں کے جی پی ایس کے سگنل اچانک غائب ہونے کے واقعے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے لیے نوٹم جاری کر دیا۔سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ کے نزدیک 10 کلو میٹر اور اس کے اطراف میں سگنل کا مسئلہ ہو رہا ہے۔

نوٹم میں پائلٹس کو لینڈنگ پر ائیر ٹریفک کنٹرولر کو فوری تفصیلات دینے کی ہدایت دیتے ہوئے پائلٹس کو محفوظ سفر کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔سول ایوی ایشن کے نوٹم کے مطابق پرواز کے کپتان کو لینڈنگ سے قبل کوئی پیچیدگی ہو تو فوری ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رہنمائی لے۔

ذرائع کے مطابق پائلٹس کو ائیر پورٹ پر جہاز کو اُتارنے اور اُڑان بھرنے میں دشواری کا سامنا ہے، جی پی ایس سگنل غائب ہونے سے 25 سے زائد طیارے متاثر ہوئے۔

ادھر پی آئی اے کا طیارہ زلزلہ متاثرین کیلئے مزید 5 ٹن امدادی سامان لیکر ترکیہ پہنچ گیا۔ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق زلزلے کے بعد سے پی آئی اے اب تک مجموعی طور پر 72 ٹن امدادی سامان اور 51 ریسکیو ٹیم کے افراد کو لے کر جاچکا ہے، پی آئی اے نے ترکی میں ادانا اور استنبول جبکہ شام کے شہر دمشق کیلئے 6 شیڈول اور 2 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق امدادی پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد سے چلائی جا رہی ہیں، پی آئی اے ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کو مکمل معاونت فراہم کررہا ہے جس میں آفت زدہ علاقوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا بھی شامل ہے۔

Comments are closed.