سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جوڈیشل کمپلیکس پسرور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور باقاعدہ طور پر جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد انصاف کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی کیونکہ معاشرے میں انصاف کا فقدان کسی بھی ترقی کے لئے رکاوٹ بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب انصاف کا نظام ٹھیک ہو جائے گا، تو ساری چیزیں خود بخود ٹھیک ہو جائیں گی۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں سب نے مل کر چیزوں کو بہتر کرنا ہے، اور اس کے لئے پارلیمانی جماعتوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد 19 ویں ترمیم میں کمزوریاں پیدا کی گئیں، جس سے پارلیمانی پارٹیوں کی طاقت متاثر ہوئی۔
گورنر نے وکلا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلا کا معاشرے میں بہت اہم کردار ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح بھی ایک وکیل تھے جنہوں نے پاکستان کو تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کی برادری کا سیاست کے ساتھ گہرا تعلق ہے، اور ہمیں مل کر پاکستان کو بہتری کی جانب لے کر جانا ہے۔








