ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ملا قائد شاہ جدید کا دورہ کیا اور سکول کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ اور طالبات سے ملاقات کی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
افتتاحی تقریب میں سی ای او ایجوکیشن محمود الحسن شیخ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم خان جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر امیر مسلم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر وجاہت خان مستوئی، پرنسپل اسماء بتول، اساتذہ، طالبات اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور سہولیات کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ حکومت پنجاب کا مقصد یہ ہے کہ ہر بچے کو بہتر، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اساتذہ وہ معمار ہیں جو آنے والی نسلوں کی سمت متعین کرتے ہیں۔ علامہ اقبال کے قول ’’ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر استاد اور ہر طالب علم قوم کے مستقبل کا روشن ستارہ ہے۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے مزید کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت پنجاب اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات، سازگار ماحول اور بہترین تربیت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ علم کی روشنی پھیلانے والے مشعل بردار ہیں، جن کی محنت اور لگن قوم کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر نے قابل اور محنتی اساتذہ کو انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا، جب کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو بھی سراہا گیا۔ بعد ازاں کمشنر نے نئی عمارت، کلاس رومز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔