صاف پانی کی فراہمی کے مشن پر گامزن غیر سرکاری تنظیم ہیومن نیسیسیٹی فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام کوٹ رادھا کشن میں ایک جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان تھے، جن کے پہنچنے پر علاقہ مکینوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

تقریب میں فاؤنڈیشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) شیخ جاوید، ڈائریکٹر پروجیکٹ محمد امین اعجاز، ڈائریکٹر فیلڈ آپریشن دستگیر خان اور ڈائریکٹر آف آپریشن عبیداللہ احمد سمیت علاقہ کی دیگر اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کے لیے زمین کی فراہمی رانا سجاد کی جانب سے عطیہ کی گئی، جس پراہل علاقہ نے ان کے جذبۂ خدمت کو سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی دستیابی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم کریں، مگر ایسے میں ہیومن نیسیسیٹی فاؤنڈیشن جیسے ادارے جب اپنی مدد آپ کے تحت خدمات انجام دیتے ہیں تو یہ اقدام معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہوتا ہے۔ بلاشبہ یہ لوگ دنیا میں ہی جنت کما رہے ہیں۔

ہیومن نیسیسیٹی فاؤنڈیشن ایک فعال غیر سرکاری تنظیم ہے جو پاکستان میں صاف پانی کی فراہمی، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔ اس تنظیم کے اعزازی اراکین میں مرحوم جنید جمشید بھی شامل تھے۔فاؤنڈیشن کی جانب سے کلالاں والا میں بھی ایک جدید اور شمسی توانائی سے چلنے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ قائم کیا گیا ہے، جو مرحوم جنید جمشید کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وقف کیا گیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی اور فاؤنڈیشن کے کارکنان، عطیہ دہندگان اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا گیا جن کی محنت، تعاون اور جذبہِ خدمت سے یہ منصوبہ ممکن ہو سکا۔

Shares: