اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) سردیوں کی آمد کے ساتھ مچھلی کی فروخت میں اضافہ، نرخ بھی بڑھ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافہ کے ساتھ ہی ہیڈ پنجند اور اوچ شریف شہر میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے،اوچ شریف میں مختلف مقامات پر مچھلی فروخت کرنے والوں نے ڈیرے جما لئے تاہم مہنگائی کے باعث موسم سرما کی سوغات مچھلی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ،قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی قوت خرید انتہائی محدود کر دی ہے
مچھلی کی قیمتوں میں گذشہ سال کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھلی بھی قوت خرید سے باہر ہوگئی مہنگائی کی وجہ سے روز مرہ استعمال کی اشیاء کے ساتھ ساتھ اب تو موسمی اشیاء بھی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں جبکہ ہیڈ پنجند اور اوچ شریف فش پوائنٹ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے گذشتہ برس کی نسبت اس سال خریداروں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے
ماہرین صحت کے مطابق مچھلی کا گوشت انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے مچھلی کا استعمال سرد موسم میں بہت ضروری ہے کیونکہ مچھلی کے استعمال سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اورجسم کو سردی کے دوران توانائی ملتی ہے مچھلی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے کم آمدن والے افراد کو سردی کے موسم میں مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
اوچ شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سیزن کے دوران مچھلی کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بعض دکانداروں نے مچھلی کی من مانی قیمتیں مقرر کررکھی ہیں جس کے باعث متوسط طبقے کو بھی مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
شہریوں نے متعلقہ ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مچھلی کی قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہری سرد موسم میں مچھلی کا بھرپور مزہ اٹھا سکیں








