ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر)ملک بھر میں سرد موسم کا راج ہے اور آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرا پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں موسم سرما میں معمول سے کم بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں رواں موسم سرما کے دوران مجموعی طور پر معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماہ دسمبر کے دوران خشک سردی رہے گی اور صوبے میں رواں ماہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ جنوری کے اوائل میں بارش کا سسٹم بنے گا جس سے صوبے کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف ہوسکتی ہے تاہم جنوری میں بھی معمول سے کم بارشوں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Shares: