اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ریسکیو 1122 اوچ شریف انچارج محمد اکرم نے پریس کلب اوچ شریف اینڈ پی سی ڈیجیٹل میڈیا کے صدر میاں محمد عامر صدیقی، جنرل سیکرٹری حبیب خان اور دیگر عہدیداران خواجہ سہیل عباس شفیق انجم صفدر حسین سے خصوصی ملاقات کی۔

ریسکیو انچارج محمد اکرم نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین کی ہدایات کے تحت ریسکیو 1122 اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔ اس وقت اوچ شریف مرکز میں 16 اسٹاف ممبرز، 2 ایمبولینسز اور 6 کوالیفائیڈ ڈسپنسرز دستیاب ہیں جو ہر قسم کی ایمرجنسی میں عوام کو بروقت امداد فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ روزانہ 8 سے 10 ایمرجنسی کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں زیادہ تر ٹریفک حادثات شامل ہیں۔ قومی شاہراہ، جلال پور ایکسپریس روڈ، پنجند روڈ اور ککس موڑ جیسے مقامات حادثات کے ہاٹ اسپاٹ بن چکے ہیں، جہاں روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

ریسکیو انچارج کے مطابق ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، ہیلمٹ اور حفاظتی تدابیر کا عدم استعمال اور روڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں کی کمی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے ہدایت دی ہے کہ ریسکیو 1122 کی تمام ٹیمیں الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

اوچ شریف پریس کلب کے صدر میاں محمد عامر صدیقی اور جنرل سیکرٹری حبیب خان نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے وسائل میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں تو حادثات کی شرح میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا شہری روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کریں گے، یا مزید قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی؟

Shares: