انڈیا 23 موبائل آکسیجن پلانٹس جرمنی سے بذریعہ ہوائی جہاز منگوا رہا ہے-

باغی ٹی وی :خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران آکسیجن کی شدید کمی کے باعث انڈین وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ 23 موبائل آکسیجن پلانٹس جرمنی سے بذریعہ ہوائی جہاز منگوائے جا رہے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ آکسیجن پلانٹس فوج کے زیر انتظام چلنے والے ہسپتالوں میں لگائے جائیں گے جہاں کوویڈ کے مریضوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

امید ہے کہ یہ پلانٹس اگلے ایک ہفتے میں انڈیا پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ انڈیا کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24گھنٹوں میں 346786 نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 2624 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب ملک میں اب تک 13 کروڑ ویکسین کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔

اس طرح انڈیا میں اب مجموعی طور پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زیادہ متاثرین کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار افراد کی مجموعی طور پر ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

Shares: