بھارت نے پاکستانی چینل سمیت 8 یوٹیوب چینلز بلاک کروادیئے

0
47

لاہور:بھارت نے پاکستانی چینل سمیت 8 یوٹیوب چینلز بلاک کروادیئے،اطلاعات کے مطابق بھارت نے ‘انڈیا مخالف مواد’ نشر کرنے پر ملک میں ایک پاکستانی یوٹیوب چینل سمیت 8 چینلز تک رسائی بلاک کروا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال دسمبر سے اب تک بھارتی حکومت 102 یوٹیوب چینلز کی رسائی بھارت میں بلاک کرواچکی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلاک ہونے والے یوٹیوب چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 86 لاکھ سے زائد تھی اور ان پر موجود مواد پر 114 کروڑ ویوز بھی موجود تھے۔بھارت کی وزارت اطلاعات کے مطابق یہ یوٹیوب چینلز ملک میں ‘جھوٹے دعوؤں کے ذریعے مذہبی برادریوں کے درمیان نفرت پھیلارہے تھے’۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ یہ چینلز ‘فیک نیوز’ پھیلارہے تھے کہ بھارتی حکومت ملک میں مذہبی مقامات گرارہی ہے اور مذہبی تہوارات پر پابندیاں لگارہی ہے۔بھارت میں بلاک ہونیوالے پاکستانی یوٹیوب چینل کا نام ‘نیوز کی دنیا’ ہے جس کے سبسکرائبرز کی تعداد تقریباً ایک لاکھ ہے۔

خیال رہے بھارتی حکومت نے رواں سال اپریل میں بھی 22 یوٹیوب چینلز بلاک کروائے تھے، جن میں سے 4 پاکستانی چینلز شامل تھے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل میڈیا بھی بھارت میں مذہبی آزادی کیخلاف اقدامات کی بھرپور کوریج کرتا ہے، ہندو انتہاء پسندی سے سب سے زیادہ مسلمان اور عیسائی متاثر ہورہے ہیں۔

Leave a reply