امریکہ کی طرف سے بھارت پر دوہرا ٹیرف لگنے سے صرف دو روز قبل بھارت نے امریکی صدر کو قائل کرنے کی کوششیں مزید تیز کردی ہیں۔ امریکہ میں بھارتی سفارت خانے نے ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی ہیں جو امریکی صدر کے سامنے بھارت کا مؤقف نئے انداز میں پیش کرے گی۔ بھارت نے اسی مقصد کے لیے پہلے بھی ایک لابنگ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے۔ نئی کمپنی کا نام مرکری پبلک افیئرز ہے۔
ذرائع کےمطابق بھارت نے آئندہ تین ماہ کے لیے اس کی خدمات حاصل کی ہیں۔ بھارت اس کمپنی کو 3 ماہ میں دو لاکھ پچیس ہزار ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔ اس کمپنی کا ٹرمپ ٹیم کے ساتھ براہ راست تعلق بتایا جارہا ہے جس کے باعث بھارت امید کر رہا ہے کہ یہ کمپنی بھارتی موقف امریکہ میں مضبوط انداز میں پیش کرے گی۔ مرکری کی ٹیم میں بھارت کا موقف پیش کرنے کی ذمہ داری لوزیانا کے سابق ریپبلکن سینیٹر ڈیوڈ وِٹر اور برائن لانزا کو سونپی گئی ہے جو ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ نیویارک اسٹیٹ سے پہلے بھارتی نژاد امریکی سینیٹر بننے والے کیون تھامس بھی اس ٹیم میں شامل ہیں۔
اس سے قبل اپریل میں بھارت نے ٹرمپ کے سابق مشیر جیسن ملر کی لابنگ کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں جس کا سالانہ معاہدہ 1.8 ملین ڈالرز کا ہے۔ اب مرکری کو شامل کرکے بھارت نے اپنے لابنگ نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔








