ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 بھارتی حکام کے لیے جگ ہنسائی کا باعث بن گئی، جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں آوارہ کتوں نے کینیا اور جاپان کے دو غیر ملکی کوچز کو کاٹ لیا۔
اس افسوس ناک واقعے نے بھارت کے کامن ویلتھ گیمز 2030 اور اولمپکس 2036 کی میزبانی کے دعووں پر سوالات کھڑے کر دیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 3 اکتوبر کی صبح کینیا کے اسپرنٹ کوچ ڈینس موانزو اور جاپان کی اسسٹنٹ کوچ میئیکو اوکوماتسو کو وارم اپ ٹریک پر آوارہ کتوں نے کاٹا۔کینیا ٹیم کے ڈاکٹر مائیکل اوکارو نے بتایا کہ موانزو کھلاڑی کی ٹریننگ کے دوران اسٹارٹنگ بلاکس درست کر رہے تھے کہ کتے نے ان کی دائیں پنڈلی پر کاٹ لیا۔ انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال لے جا کر ریبیز ویکسین لگائی گئی۔
جاپانی کوچ اوکوماتسو نے بھی تصدیق کی کہ ٹریننگ کے دوران کتے نے انہیں کاٹا لیکن میڈیکل ٹیم نے بروقت علاج کر دیا۔ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے واقعے کی ذمہ داری ان افراد پر ڈالی جو اسٹیڈیم کے قریب آوارہ کتوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔بھارتی پریس انفارمیشن بیورو کے مطابق دہلی میں صرف 2024 میں 25 ہزار 210 افراد کو کتوں نے کاٹا، جب کہ 2023 میں یہ تعداد 17 ہزار 874 تھی۔جنوری 2025 میں ہی تقریباً 3 ہزار 200 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اندازے کے مطابق دہلی میں اس وقت 8 لاکھ آوارہ کتے موجود ہیں۔
بھارتی سپریم کورٹ نے اگست 2025 میں دارالحکومت میں بڑھتے واقعات پر نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ تمام آوارہ کتوں کو سڑکوں سے ہٹا کر مخصوص شیلٹرز میں منتقل کیا جائے اور انہیں دوبارہ سڑکوں پر نہ چھوڑا جائے۔یہ واقعات بھارت کے بڑے اسپورٹس ایونٹس کی میزبانی کے دعووں پر سنگین سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔