مدھیہ پردیش: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے غنڈوں کے بہیمانہ تشدد سے 65 سالہ بزرگ شہری ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے نمیچ میں 15 مئی سے ذہنی طور پر معذور گمشدہ بزرگ شہری کی لاش مل گئی۔ 65 سالہ بھنور لعل جین راجستھان میں مذہبی میلے میں کھو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بزرگ شہری کو دو سے زائد افراد نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پولیس نے لواحقین کے حوالے کردیا۔ اہل خانہ نے آخری رسومات ادا کردیں تاہم ہلاکت کی وجہ سامنے نہیں آسکی تھی۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز سے پتہ چلا کہ ذہنی طور پر معذور بزرگ شہری کو بی جے پی کے غنڈے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
https://twitter.com/Anurag_Dwary/status/1527928132656717825
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تشدد کا نشانہ بنانے والا شخص بار بار بزرگ شہری سے پوچھتا ہے کہ تمھارا نام محمد ہے؟ اپنا پورا نام بتاؤ؟ ادھار کارڈ دکھاؤ۔جس پر ذہنی طور پر معذور کچھ بتانے سے قاصر نظر آتے ہیں اور پار پیٹ کرنے والے شخص سے پیسے لیکر چھوڑنے کی درخواست کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں تشدد کرنے والے مرکزی شخص کا نام دنیش ہے جو بی جے پی کی خاتون کوآرڈینیٹر کا شوہر ہے۔