بھارت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کے امدادی طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی حالانکہ دونوں ممالک نے مئی کے تنازع کے بعد سے ایک دوسرے کیلئے فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان نے سری لنکا میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی سامان پہنچانے کیلئے اوور فلائٹ کی درخواست دی تھی جسے بھارت نے معمول کی تکنیکی اور سیکیورٹی جانچ کے بعد فوری طور پرمنظور کر لیا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اجازت صرف اور صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی، اور اس میں کسی قسم کا سیاسی پہلو شامل نہیں۔

پاکستان کی جانب سے بھیجے جانے والے امدادی پیکیج میں کشتیاں، واٹر پمپ، خیمے، کمبل، خوراک، دوائیں، بچوں کا دودھ اور ایک موبائل فیلڈ اسپتال شامل ہے، جو سری لنکا میں تباہ کن بارشوں کے بعد ریسکیو آپریشنز کیلئے فوری ضرورت قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت نے بعض میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اوور فلائٹ کی اجازت دینے میں کوئی تاخیر یا انکار نہیں کیا گیا، بلکہ درخواست موصول ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر منظوری دے دی گئی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں یہ اقدام خطے میں انسانی ہمدردی کے تقاضوں اور عملی تعاون کی ایک اہم مثال ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ قدرتی آفات کی صورتحال میں سیاسی پابندیاں بالآخر نرم پڑ سکتی ہیں۔

Shares: