اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت جارحیت سے باز نہیں آ رہا تاہم قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پوری دنیا میں پیغام گیا کہ قوم متحد ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جارحیت سے باز نہیں آ رہا تاہم قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پوری دنیا میں پیغام گیا کہ قوم متحد ہےبھارتی جارحیت کو شکست دینے کے لیے اپنی فوج کے ساتھ ہیں پاک فضائیہ نے رافیل جنگی طیاروں کو دھول چھٹا کر بھارتی فضائیہ کا غرور خاک میں ملا دیا بھارت کو رافیل پر بڑا ناز تھا تاہم اب بھارت نے خفت مٹانے کے لیے حکمت عملی تبدیلی کی ہے-
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں پاکستانی قوم ملی جذبے سے سرشار ہے اور ہر مشکل گھڑی میں یکجا ہو جاتی ہے مکار دشمن جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے بھی شکست خوردہ ہے کیونکہ پاک فوج نے بہترین ٹیکنالوجی کے حامل طیارے بھی گرائےہم نے ملک میں داخل ہونے والے 25 ڈرونز گرائے ہیں، عالمی مارکیٹ میں رافیل طیاروں کے شیئرز گر چکے ہیں اس بار دشمن بھاگ گیا لیکن ہم نے چائے کی ہوم ڈیلوری کی، جبکہ پچھلی بار ہم نے فنٹاسٹک چائے پلائی تھی، ہم نے صرف بھارتی طیارے ہی نہیں گرائے بلکہ ان کا غرور بھی خاک میں ملا دیا ہے، اپنی خفت مٹانے کے لیے بھارت اب ڈرونز بھیج رہا ہے۔
انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہونے والی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ایل او سی پر بھی بےپناہ نقصان اٹھایا ہے، جہاں ہماری جوابی کارروائی میں بھارت کے 40 سے 50 فوجی ہلاک ہوئے ہیں پاکستان نے اپنا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم نہ صرف تیار ہیں بلکہ ہر محاذ پر دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سفید جھنڈا لہرانا اس کی شکست کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کس طرح سکھ قوم کو نشانہ بنا رہا ہے بھارتی فوج نے سکھوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور بھارتی ڈرون نے بھی سکھوں کو نقصان پہنچایادنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی تھیں کہ کوئی سکھ پاکستان کے خلاف نہیں لڑے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ دشمن کو کب، کہاں اور کیسے جواب دینا ہے، یہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں دشمن پر ہماری برتری واضح ہو چکی ہے اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پہل بھارت نے کی ہے سویلینز پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا مسلح افواج کو جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔ بھارت کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے بلکہ ہر جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق، یہ صرف فوجی جنگ نہیں بلکہ بھارتی پراپیگنڈے اور اندرونی ظلم و ستم کو بھی بےنقاب کرنے کی جنگ ہے، اور ہم ہر محاذ پر سرخرو ہوں گے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کو جن رافیل طیاروں پر غرور تھا انہیں زمین بوس کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مودی کی سیاست نفرت پر مبنی ہے، وہ ہمیشہ من گھڑت کہانیاں سنا کر پاکستان پر الزام لگاتا ہے، فالس فلیگ آپریشن کے بعد رات کی تاریکی میں بھارت نے حملہ کیا، ہماری مسلح افواج نے بھرپور انداز میں جواب دیا، بھارت ہمیشہ ہمارے سویلین پہ حملے کرتا ہے، پاکستان نے صرف ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا، پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔