اسلام آباد (باغی ٹی وی رپورٹ)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالز فلیگ آپریشن کی آڑ میں خطے کو نیوکلیئر جنگ کی طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی فاشسٹ اور جنگجویانہ RSS ذہنیت کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے پہلگام جیسے خودساختہ واقعات کو جواز بنا کر مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر سے شادی کر کے مقبوضہ کشمیر یا بھارت جانے والی خواتین کو دہائیوں بعد زبردستی واپس بھیجا جا رہا ہے، اور معصوم بچوں کو ان کی ماؤں سے جدا کیا جا رہا ہے، جو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے پاکستان کے تمام بارڈرز اور لائن آف کنٹرول مسلسل زد میں ہیں، جبکہ فالز فلیگ آپریشنز کے بہانے پاکستان کے اندر پراکسی جنگ چھیڑنا بھارت کا پرانا طریقہ رہا ہے۔

مشعال ملک نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ شملہ معاہدے کو ختم کیا جائے، کیونکہ پچاس سال گزرنے کے باوجود اس دو طرفہ معاہدے سے کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بائی لیٹرل ازم کو روند چکا ہے اور یکطرفہ اقدامات سے مسئلہ کشمیر کی اصل روح مسخ کر رہا ہے۔

مشعال ملک نے اقوام متحدہ سے ایک بار پھر رجوع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم کی انتہا ہو چکی ہے اور عالمی برادری کو اب خاموش تماشائی بننے کے بجائے عملی اقدام کرنا ہوگا۔

Shares: