لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی فضائیہ نے جنگی تیاریاں زور شور سے شروع کرتے ہوئے آج سے راجستھان میں بڑے پیمانے پر پاک بھارت سرحد کے ساتھ تین روزہ بڑی فوجی مشقوں کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں جمعہ کے روز تک ایئر مین کو نوٹس (NOTAM) جاری کیا گیا ہے جس کے تحت کوئی بھی شہری طیارہ اس مخصوص فضائی حدود سے نہیں گزر سکے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ راجستھان میں باڑمیر سے جودھ پور تک کے علاقوں میں ایک بڑی فوجی مشق کررہی ہے۔  یہ مشق بھارتی فضائیہ کی باقاعدہ جنگی آپریشنل تیاری کی مشقوں کا حصہ ہے جس میں IAF کے تین کمانڈز حصہ لے رہے ہیں۔ اس بڑی مشق میں فرنٹ لائن لڑاکا طیارے بشمول رافیل، میراج 2000، اور سخوئی 30 طیارے مکمل فضائی دفاعی نظام اور سپورٹ سسٹم کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس مشق میں رات کو کئے جانے والے آپریشن کے دوران اختیار کی جانے والی تیاری بھی شامل ہوگی۔

یہ مشق پاک بھارت سرحد پر سخت سیکیورٹی کے درمیان کی جارہی ہے جس میں بھارتی فضائیہ اسٹریٹجک تیاریوں اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ مشق کے دوران کسی بھی سول طیارے کو مذکورہ فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Shares: