لاہور(خالدمحمودخالد)پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دینے والے بھارت کی اپنی آبی سلامتی کو چین کی طرف سے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے وزیراعلی پیما کھنڈو نے کہا ہے کہ ریاستی بارڈر کے قریب چین کا جو میگا ڈیم بنایا جا رہا ہے وہ بھارت کے لئے ایک "واٹر بم” ہو گا اور یہ بھارت کو چین کی طرف سے درپیش فوجی خطرے سے بڑا خطرہ ثابت ہو گا۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دریائے برہم پترا کو جسے تبتی زبان میں یارلنگ سانگپو کہا جاتا ہے، پر دنیا کا سب سے بڑا ڈیم پروجیکٹ بھارت کے لئے ایک سنگین تشویش کا باعث ہے کیونکہ چین نے بین الاقوامی آبی معاہدے پر دستخط نہیں کئے جس کی وجہ سے وہ کسی بین الاقوامی اصولوں کی پابندی کرنے کا پابند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ چین پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کیا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم بننے کی صورت میں اگر چین اچانک پانی چھوڑ دے تو ہماری پوری سیانگ بیلٹ تباہ ہو جائے گی۔ تمام املاک،  زمین اور اس کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کو تباہ کن اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارت کے ساتھ کوئی معلومات شیئر نہیں کرتا اور نہ ہی ڈیم کی تعمیر کی تازہ صورتحال کے بارے میں اس نے بھارت کو کوئی اطلاع دی ہے۔ اگر چین ڈیم کی تعمیر مکمل کر لیتا ہے تو اروناچل پردیش کے دو دریا سیانگ اور برہم پترا مکمل طور پر خشک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صورتوں میں بھارت کو سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

Shares: