بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، صدر آزاد کشمیر نے اہم اعلان کر دیا
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، صدر آزاد کشمیر نے اہم اعلان کر دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوانوں کو شہید کرنے ، آزادکشمیر کے مختلف سیکٹروں میں سول آبادی کو نشانہ بنانے اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی بوکھلاہٹ اور اپنی اندرونی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
صدر آزادکشمیر نے آزاد کشمیر کے حاجی پیر سیکٹر کے سب سیکٹر دیوا میں پاک فوج کے نائب صوبیدار قندیرو اور سپاہی احسان کی شہادت اور ایک اور جوان کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور آزادکشمیر کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ شہریت بل کی منظوری کے بعد بھارت میں جس بڑے پیمانے پر مودی حکومت کے خلاف پورا ہندوستان اٹھ کھڑا ہوا ہے اور شہری بلا تخصیص مذہب، رنگ و نسل سراپا احتجاج ہیں اس سے مودی اور اس کا خوشامدی ٹولہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔بھارت اندرونی اور بیرونی دبائو سے نکلنے کے لئے لائن آف کنٹرول پر جنگ کی صورتحال پیدا کر کے دنیا کی توجہ اپنی حکومت کے خلاف چلنے والی تحریک سے ہٹانے کے علاوہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری کرفیو اور لاک ڈائون سے بھی توجہ ہٹانا چاہتا ہے.
بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ میں پاک فوج کے نائب صوبیدار قنڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے صوبیدار سمیت 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں پاک فوج کے نائب صوبیدار قنڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔
پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر میں بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹ کو نشانہ بناتے ہوئے اسے تباہ کر دیا، اس میں بھارتی فوج کے صوبیدار سمیت 3 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے، بھارت 36 گھنٹے سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے