پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں انہیں کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں ہو رہا ہے۔ حارث رؤف نے کہا کہ وہ اس میچ کو صرف ایک کرکٹ میچ کے طور پر ہی دیکھ رہے ہیں اور اس پر زیادہ دباؤ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو اس دفعہ بھی ایک عام کرکٹ میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کو پہلے بھی دو میچوں میں شکست دی ہے اور اس بار بھی وہ بھارت کو شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ حارث نے دبئی کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کھیلنے کا ارادہ ظاہر کیا۔پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ اب گزر چکا ہے اور اب ان کا فوکس بھارت کے خلاف آنے والے میچ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہے کہ گزشتہ میچز میں جو غلطیاں کی گئیں، انہیں دہرا کر آگے نہ بڑھیں، تاکہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی جا سکے اور سیمی فائنل میں پہنچا جا سکے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اپنی فٹنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 10 اوورز مکمل کیے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ انجری کسی بھی وقت ہو سکتی ہے، کیونکہ کھیل کے دوران کوئی بھی کھلاڑی چلتے ہوئے بھی زخمی ہو سکتا ہے، اور کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں نہیں ہوتیں، اس لیے ان کے بارے میں زیادہ نہ سوچنا بہتر ہے۔پاکستانی فاسٹ بولر نے فخر زمان اور صائم ایوب کے ٹیم میں نہ ہونے پر کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی کمی سے ٹیم کا کمبینیشن متاثر ہوا ہے، تاہم ان کا ماننا ہے کہ کچھ اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو بہترین پرفارمنس دیں گے۔

جب حارث رؤف سے پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے دبئی میں ٹکٹس کی آسمان کو چھوتی ڈیمانڈ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور انہیں یہ نہیں معلوم کہ ٹکٹس پاس کیا ہوتے ہیں۔حارث رؤف کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرے گی اور کسی قسم کے دباؤ کے بغیر اس میچ کو ایک معمولی کرکٹ میچ سمجھ کر کھیلے گی۔ ان کا یقین ہے کہ ٹیم کی پرفارمنس بہت بہتر ہو گی اور وہ اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے سخت قواعد و ضوابط
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے دوران سخت قواعد و ضوابط جاری کیے گئے ہیں تاکہ اس میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد ہو سکے۔ ان ضوابط میں شائقین کی سیکیورٹی اور کھیل کے دوران نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔

Shares: