بھارت میں بارشوں کےبعد لینڈ سلائیڈنگ،150 ہلاکتیں

0
259

بھارت میں طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 150 سے زائد ہلاکتیں، کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے

لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ کے بعد اب تک 158 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 200 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جنکی تلاش جاری ہے،بھارت کی ریاست کیرالہ میں گزشتہ دنوں ہونے والے طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے بڑی تباہی مچا دی ہے، ابتر صورتحال کے باعث ریاست کے 8 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ مٹی کے تودے گرنے سے کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں، کیرالہ حکومت نے اس سانحے کے بعد دو روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سب سے زیادہ تباہی ضلع ویاناڈ میں ہوئی، جہاں سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے جب کہ اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے،مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات، دکانیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جب کہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔متاثرین کے اہل خانہ ملبے تلے دبے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں، ڈرون اور ڈاگ سکواڈ کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق، وہ جگہ (منڈکئی) جہاں یہ لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، وہ انتہائی خطرے والے آفت زدہ علاقے میں آتی ہے اور وہاں لوگ نہیں رہتے۔ وہاں سے مٹی، پتھر اور چٹانیں چورلمالا تک جا گریں، جو اس جگہ سے 6 کلومیٹر دور ہے جہاں سے لینڈ سلائیڈ ہوئی تھی، یہ کوئی حساس جگہ نہیں ہے اور یہاں لوگ برسوں سے رہ رہے ہیں، اس کے پیش نظر یہاں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے

راہل گاندھی نے کیرالہ میں بھارتی فوج کے ذریعہ چلائی جانے والی ریسکیو مہم کی تعریف کی ،راہول کا کہنا تھا کہ فوج وہاں بہت اچھا کام کر رہی ہے میرے خیال سے یہ بہت ضروری ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم وائناڈ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم ان کی ہر ممکن مدد کریں، میں حکومت سے بھی درخواست کروں گا کہ وائناڈ کی عوام کو ہر سطح پر مدد پہنچائی جائے۔

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کا کہنا ہے کہ دو دنوں کے اندر مجموعی طور پر 1592 لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے، پہلے مرحلہ میں 68 خاندانوں کے 206 لوگوں کو تین کیمپوں میں پہنچایا گیا، ان میں 75 مرد، 88 خواتین اور 43 بچے شامل ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں لاپتہ ہوئے اور اپنے گھروں میں پھنسے 1386 لوگوں کو بچایا گیا، ان میں مجموعی طور پر 528 مرد، 559 خواتین اور 299 بچے شامل ہیں ، 201 افراد کو اسپتال پہنچایا گیا ہے، جن میں سے 90 لوگوں کا علاج اب بھی جاری ہے، وائناڈ ضلع میں موجودہ وقت میں 82 راحتی کیمپوں میں مجموعی طور پر 8017 لوگ مقیم ہیں، جن میں 19 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ بحری، برّی، فضائی اور این ڈی آر ایف کے جوان لگاتار لوگوں کی جان بچانے کی مہم میں مصروف ہیں۔ جو گھر ملبے میں دب گئے ہیں، وہاں سے بڑے بڑے پتھروں کو ہٹایا جا رہا ہے

واضح رہے کہ وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کا پہلا واقعہ منگل کی شب 2 بجے پیش آیا تھا۔ اس کے بعد صبح 4.10 بجے دوسری مرتبہ لینڈ سلائڈنگ ہوا۔ اس دوران لوگ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ تباہی کی نذر ہو گئے۔ اس قدرتی آفت کے بعد سے ہر طرف خوفناک منظر دکھائی پڑ رہا ہے۔ منڈکئی میں سب سے زیادہ تباہی مچی ہے جہاں مقامی لوگوں کے چہروں پر بے بسی اور مایوسی صاف دیکھی جا سکتی ہے۔

اڈانی گروپ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آیا ہے، اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے کیرالہ کے ریلیف فنڈ میں 5 کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے،

Leave a reply