لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی فضائیہ نے  ائرفورس کے تیزی سے کم ہوتے سکواڈرن کی طاقت بڑھانے کیلئے فرانس سے فوری طور پر اضافی رافیل لڑاکا طیارے مانگ لئے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ ڈیمانڈ 7 سے 10 مئی تک پاک بھارت جنگ کے بعد کی گئی ہے جس کے دوران رافیل کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا جس میں پاکستان کا کہنا ہے کہ اس نے تین رافیل سمیت بھارتی فضائیہ کے چھ طیارے مار گرائے ہیں جس سے بھارتی فضائیہ کی طاقت میں کافی کمی آگئی ہے۔ فضائیہ نے بھارتی حکومت کو بتایا ہے کہ ففتھ جنریشن کے فائٹرز کے دو سے تین سکواڈرن کی فوری ضرورت ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانس کے ساتھ رافیل کی خریداری کا براہ راست معاہدہ عالمی ٹینڈر کے مقابلے میں تیز تر ہونے کی توقع ہے۔ امبالا اور ہسیمارا میں موجودہ انفراسٹرکچر کیلئے کم از کم ایک مزید رافیل سکواڈرن کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت اس سال اپریل میں فرانس کے ساتھ ہونے والے سات بلین یورو کے معاہدے کے تحت بحریہ 2028 سے 2030 تک آئی این ایس وکرانت کے لیے 26 رافیل میرین جیٹ طیارے حاصل کرے گی لیکن بھارتی فضائیہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے تحت اضافی رافیل طیارے خریدنے کے لیے فوری معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔ 

Shares: