اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستانی عوام کے دل اور دماغ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں لہٰذا افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔

باغی ٹی وی : دنیا کیلئے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ کے عنوان پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیںاور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا، پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں کررہا ہے پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ دنیامیں قیام امن کیلئے لڑرہاہے،پاکستان بھارت کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، بھارتی قیادت کو اپنی انتہا پسندانہ سوچ تبدیل کرنی ہوگی، بھارت مذاکرات کی میز پرآئے،مسئلہ کشمیر کے حل پربات کرے۔

انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے مسلح افواج نے دہشتگردی خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کیا، ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشنز نے دہشتگردوں کی کمر توڑی، ڈیجیٹل پروپیگنڈا موجدہ دور کا ایک پیچیدہ چیلنج ہے ہم نےکبھی دہشتگردی کو دعوت نہیں دی لیکن جب وہ آئی تو ہم جھکے نہیں بلکہ لڑے، پاکستان کی ڈکشنری میں سرینڈر کرنا شامل نہیں ہے، دنیا سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ، قربانیوں اور عزم کا احترام کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کشمیر اور فلسطین میں امن کی بات کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشتگردی پر بات 2012 میں ہوئی، دنیابھر میں 2012 سے اب تک دنیا بدل گئی ہے، بھارت بی ایل اے، مجید بریگیڈ دہشتگردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے بھارت کو چاہیے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیتوں سے سیکھے، دہشتگردی کے تدارک کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، آئیں کشمیر، پانی اور دہشتگردی پربات کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی،پاکستان پر افغان سرزمین سے حملوں میں 40فیصد اضافہ ہوا،افغان حکومت پر واضح کردیا کہ سرحد پار سے پاکستان پر حملے قبول نہیں،طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔

پاک افواج نے جنوبی اور شمالی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کیا، دہشت گردوں کی کوئی سرحدنہیں،ہمیں انہیں شکست دینا ہے،کالعدم ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ کے ٹوئٹس دہشت گردوں کا منشور ہے، آپریشن ردالفساد سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں سلیپر سیلز کو نشانہ بنایا گیا طالبان رجیم کالعدم ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ سمیت دیگر تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے، افغانستان اور پاکستانی عوام کے دل اور دماغ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم افغانستان کے سا تھ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Shares: