پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے لانگ مارچ کا آغاز ہوتے ہی بھارت نے اپنے تیور بدل لئے ہیں۔
جمعرات کی رات کو جس وقت اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے لئے لانگ مارچ شروع کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئےعمران خان لاہور کے علاقہ لبرٹی میں موجود تھے اور عوام کو حقیقی آزادی حاصل کرنے کی سازش کے بارے میں اکسا رہے تھے عین اسی وقت بھارتی وزیر دفاع مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں ایک تقریب میں پاکستان کو خطرناک دھمکیاں دینے میں مصروف تھے۔
بھارتی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے دھمکی دی کہ بھارت نے کشمیر کے شمال کی طرف مارچ شروع کردیا ہے اور یہ مارچ اس وقت ختم ہوگا جب وہ گلگت بلتستان پر قبضہ کر لے گا۔
یہ اتفاق ہے یا بھارت کا سوچا سمجھا منصوبہ کہ جیسے ہی پاکستان میں افراتفری کا عمران خان کا منصوبہ شروع ہورہا تھا عین اسی وقت بھارت نے پاکستان میں عدم استحکام کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور وہ اپنے ناکام اور مذموم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دےرہا تھا۔