نئی دہلی: بھارت نے معاشی دباؤ اور امریکی محصولات کے منفی اثرات کے پیش نظر مختلف گھریلو مصنوعات پر ٹیکسز میں نمایاں کمی کر دی ہے۔

بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ گھریلو سطح پر استعمال ہونے والی متعدد اشیاء پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح کم کر دی گئی ہے، جس کا مقصد داخلی معیشت کو سہارا دینا اور گھریلو طلب میں اضافہ کرنا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے صابن، ضروری گھریلو سامان اور چھوٹی گاڑیوں سمیت کئی اشیاء پر ٹیکس کم کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے بھارت سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے، جس کے باعث بھارتی برآمدات شدید دباؤ کا شکار ہیں۔رپورٹس کے مطابق نئی ٹیکس اصلاحات کے تحت اب صرف دو جی ایس ٹی سلیب — 5 فیصد اور 18 فیصد — نافذ رہیں گی۔ اس فیصلے کے بعد 12 فیصد اور 28 فیصد ٹیکس سلیب کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ نیا جی ایس ٹی ڈھانچہ 22 ستمبر سے نافذ العمل ہوگا۔

Shares: