بھارت نے ہندو یاتریوں کو پاکستان جانے سے روک دیا

پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ حکام واہگہ چیک پوسٹ پر انتظار کرتے رہے، بھارتی ہندو یاتری پاکستان نہیں آئے۔ تفصیلات کے مطابق کٹاس راس، لو سمادھی اور کرشنا مندر لاہور میں ہونے والی مذہبی رسومات میں شرکت کے لئے بھارت کے مختلف شہروں سے 68 ہندووں نے پاکستان یاترا کا ویزہ اپلائی کیا جب کہ

پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی نے قواعد و ضوابط کی روشنی میں لاہور اور چکوال اضلاع کے لئے 47 بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کئے۔ دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث متوقع جتھہ لیڈر ستیش کمار شوقین کو ویزہ جاری نہ کی گیا جس پر احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت نے ہندو یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا۔ واضح رہے کہ کٹاس راج یاترا کے لئے1982سے ہر سال شو بجاج پرتاب کی سربراہی میں ہندو یاتری پاکستان آتے ہیں۔ رواں برس شو بجاج پرتاب کی خرابی صحت کی بناءپر ستیش کمار شوقین کو جتھہ لیڈر بنایا گیا تھا۔ دریں اثنا چیئر مین پاکستان ہندو ویلفیئر کونسل ڈاکٹر منور چاندنے کہا ہے کہ ویزہ ملنے کے باوجود بھارتی ہندو یاتریوں کے پاکستان نہ آنے پر شدید دکھ اور افسوس ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی ہدایات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کے طعام، قیام، ٹرانسپورٹ اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں۔

Comments are closed.