بھارت نے امریکا کے لیے پوسٹل سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارتِ مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے کہا ہے کہ 25 اگست سے امریکا جانے والی تمام پوسٹل اشیاء کی بکنگ بند کر دی جائے گی۔ تاہم اس فیصلے کے تحت خطوط، دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک مالیت کے تحائف کی بکنگ جاری رہے گی۔یہ اقدام امریکی کسٹمز قوانین میں تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے، جو رواں ماہ کے آخر سے نافذ ہوں گے۔ امریکا کی انتظامیہ نے 30 جولائی کو ایگزیکٹو آرڈر نمبر 14324 جاری کیا تھا، جس کے تحت 800 امریکی ڈالر تک کی اشیاء کے لیے دی جانے والی ڈیوٹی فری رعایت ختم کر دی گئی ہے۔
بھارتی محکمہ ڈاک نے اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن اشیاء کی بکنگ پہلے ہی ہوچکی ہے اور وہ امریکا نہیں بھیجی جا سکتیں، ان کے پوسٹیج کی رقم صارفین واپس حاصل کرسکتے ہیں۔ محکمہ ڈاک نے مزید کہا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کے ذریعے جلد از جلد خدمات کو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
قومی ٹیم پر بلاوجہ تنقید بند کی جانی چاہیے،محسن نقوی