انڈیا سے ہندیا ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ وزیرخارجہ کا سینیٹ میں خطاب
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سینیٹ کے اجلاس سے خطاب۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ آج سینیٹ جو وفاق کا نمائندہ ہے اس نے ایک خصوصی اجلاس آج کے دن کے حوالے سے منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں کہ کشمیر کے مسئلے پر سب نے یکجہتی دکھائی۔ آج چیرمین سینٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے یوم استحصال 5 اگست کے حوالے سے واک میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آپ کی وساطت سے پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس طرح پوری قوم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور جس طرح بھارتی یکطرفہ اقدامات کی مذمت کی گئی وہ قابلِ تحسین ہے۔
آج تمام صوبوں میں بلکہ چھوٹے چھوٹے شہروں میں لوگوں نے کشمیریوں کے حق میں جلوس نکالے۔ پاکستان کے دنیا بھر میں سفارت خانوں نے 200 کے قریب پروگرام آج کے دن کے حوالے سے منعقد کیے۔ تمام سفراء کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ پاکستانی کمیونٹی اور یونیورسٹی کے طلباء کو انگیج کریں اور یہ پیغام ان تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو ایک سال بیت گیا۔ ہندوستان کی حماقتوں نے مسئلہ کشمیر کو خود بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے اس ایک سال میں جتنے مضامین چھاپے اور بھارت پر جس قدر تنقید کی گئی اس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔ آزاد کشمیر مظفرآباد میں اس وقت وزیر اعظم عمران خان موجود ہیں۔ آج آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے جس یکجہتی کا اظہار کیا وہ بھی قابل تعریف ہے۔ پوری کشمیری قوم نے بھارت کے 5اگست کے اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کے اندر سے آوازیں آٹھ رہی ہیں۔ انڈیا سے ہندیا ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ 5 اگست کو ناصرف غاصبانہ قبضہ کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ آج مودی بابری مسجد کو شہید کر کے راج مندر کی بنیاد رکھ رہا ہے تمام مذہبی رہنماؤں اور علماء کو اس اقدام کی کھل مذمت کرنی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہندوستان دلوں اور ذہنوں کی جنگ ہار چکا ہے کشمیری ان کے رویے سے متنفر ہو چکے ہیں کشمیریوں کا بھارت نے بے پناہ معاشی نقصان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سب اکابرین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر لبیک کہا۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ جے یو آئی ف بھی اس میں شامل ہو جاتی۔ مولانا فضل الرحمن خود کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اس فورم پر ایک مرتبہ پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان، مظلوم کشمیریوں کی معاونت جاری رکھے گا۔ اور کشمیر انشاء اللہ آزاد ہو گا۔