ممبئی: بالی ووڈ کی 78 سالہ معروف لیجنڈری اداکارہ ارونا ایرانی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں گر کر زخمی ہوگئیں۔

باغی ٹی وی : رپورٹس کے مطابق دو ہفتے قبل بینکاک میں اداکارہ گر گئیں تھیں اور وہیں ان کا علاج جاری تھا تاہم ان کے زخمی ہونے کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں، اداکارہ بیساکھیوں کی مدد سے چل رہی ہیں، اداکارہ کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد بینکاک سے ممبئی واپس لایا گیا جہاں انہیں وہیل چیئر کے ذریعے ائیر پورٹ سے باہر لایا گیا۔

ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاؤں پر پلستر موجود ہے اور ان کے ہاتھ میں بیساکھیاں ہیں اداکارہ کا ممبئی میں ڈاکٹروں کی اسپیشل ٹیم علاج کرے گی تاہم انہیں اس وقت شدید تکلیف کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکارہ ارونا ایرانی نے ہندی، کنڑ، مراٹھی اور گجراتی فلموں میں 500 سے زائد کردار ادا کیے ہیں جن میں زیادہ تر معاون اور کردار اداکارہ کے طور پر تھیں، وہ بچپن میں ڈاکٹر بننے کی خواہش رکھتی تھیں لیکن مالی مشکلات کی وجہ سے چھٹی جماعت کے بعد تعلیم چھوڑنا پڑی انہوں نے 1961 کی فلم ’گنگا جمنا‘ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ ڈیبیو کیا جہاں انہوں نے عذرا کے بچپن کا کردار نبھایا اس کے بعد وہ ’’ان پڑھ‘‘ میں نظر آئیں جس میں انہوں نے مالا سنہا کے بچپن کا کردار ادا کیا۔

ان کی مشہور فلموں میں ’’فرض، بوبی، فقیرا، سرگم، ریڈ روز، لو اسٹوری اور راکی‘‘ شامل ہیں بعد میں انہوں نے پروڈکشن اور ہدایت کاری میں بھی قدم رکھا اور مہندی تیرے نام کی، دیس میں نکلا ہوگا چاند، ربا عشق نہ ہووے اور ویدیہی جیسے مشہور ٹی وی ڈرامے پروڈیوس کیے۔

Shares: