بھارتی اداکارہ رانیا راؤ 14 کلو گرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کناڈا فلموں کی مشہور اداکارہ رانیا راؤ کو 14 کلو گرام سے زائد سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے اہلکاروں نے انہیں بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا اور ان کے پاس سے 14.8 کلو گرام سونا ضبط کیا۔رپورٹس کے مطابق، اداکارہ کے گزشتہ 15 دنوں میں چار بار دبئی کا دورہ کرنے کی وجہ سے ڈی آر آئی حکام ان کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ 2 روز قبل جب رانیا راؤ دبئی سے بنگلورو ایئرپورٹ پہنچیں، تو پولیس کی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ اداکارہ نے اپنی جیکٹ میں بھاری مقدار میں سونا چھپایا ہوا تھا اور اپنے کپڑوں میں سونے کی سلاخیں بھی چھپائی ہوئی تھیں۔ اس دوران انہوں نے سونا اسمگل کرنے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، اداکارہ کے قبضے سے برآمد ہونے والے سونے کی قیمت تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ایک اور دلچسپ پہلو یہ سامنے آیا کہ رانیا راؤ نے ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد یہ دعویٰ کیا کہ وہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کی بیٹی ہیں، تاہم ان کے دعوے کی تفتیش جاری ہے۔گرفتاری کے بعد رانیا راؤ سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ ان کو جلد ہی بنگلورو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رانیا راؤ کناڈا کی مشہور فلم "مانکیا” میں سپر اسٹار سدیپ کے مدمقابل اداکاری کے لئے معروف ہیں، اور ان کی یہ گرفتاری ایک بڑا ہلچل مچانے والا واقعہ ہے۔

Shares: