بھارتی سینیئر اداکار روی کمار مینن، جو تامل اور ملیالم فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے جانے جاتے تھے، 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال جمعہ کی صبح چنئی کے ایک نجی اسپتال میں ہوا۔

اداکار کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ جیسے ہی یہ افسوسناک خبر سامنے آئی، سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بھارتی سینما کے اس عظیم اداکار کی موت نے ان کے چاہنے والوں کو غمگین کر دیا ہے۔روی کمار مینن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1967 میں کیا تھا، مگر 1976 میں ایم کرشنن نائر کی ملیالم فلم ‘امّاں’ سے انہیں اصل شہرت ملی۔ اس فلم میں ان کی شاندار پرفارمنس نے انہیں ایک بڑے سٹار کے طور پر متعارف کرایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق روی کمار نے 100 سے زائد تامل اور ملیالم فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اور ساتھ ہی کئی ٹی وی سیریلز میں بھی کام کیا۔ ان کی فلموں میں ان کے کرداروں نے ناظرین کے دلوں میں خاص جگہ بنائی۔روی کمار کی آخری رسومات ہفتہ کو چنئی میں ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائیں گی، جہاں ان کے اہل خانہ، دوست احباب، اور مداح انہیں الوداع کہیں گے۔

Shares: