بھارتی فوج نے جمعہ کے روز ایک یونیورسٹی پروفیسر کے الزام کے بعد تحقیقات کا حکم دیا ہے جس میں کہا گیا کہ فوجیوں نے انہیں جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے ایک گاؤں میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بھی فوج کے نامعلوم اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

پروفیسر لِیاقت علی نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں رات کے وقت لائن آف کنٹرول کے قریب واقع گاؤں لام میں فوجیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں انہیں سر میں چوٹیں آئیں۔ ایک ویڈیو میں خون بہتا ہوا پروفیسر بھی دکھایا گیا ہے جو آن لائن وائرل ہوئی۔سابق وزیرِ اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ایسے افراد ایک معزز ادارے کی شہرت کو ان کے ناقابل قبول اور ظالمانہ سلوک سے داغدار کرتے ہیں”۔

مذکورہ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب پروفیسر علی اور ان کے کچھ رشتہ دار، جن میں فوج اور آئی ٹی بی پی میں کام کرنے والے کزن بھی شامل تھے، اپنے کسی رشتہ دار کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے بعد کالاکوٹ واپس آ رہے تھے۔

فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ "ایک حساس علاقے میں عسکریت پسندوں کی ممکنہ نقل و حرکت کی اطلاع پر سرچ آپریشن جاری تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، جب پروفیسر علی کو روکا گیا تو انہوں نے فوجیوں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ان کے ساتھ جھگڑا ہوا۔ تاہم، تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اگر کسی اہلکار کا مس کنڈکٹ ثابت ہوا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔”

پروفیسر علی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ "میری پوری فیملی فوج میں ہے اور میں ہمیشہ اس پر فخر کرتا تھا۔ لیکن آج جو کچھ ہوا، اس نے میری عزت نفس کو ہلا کر رکھ دیا۔ بغیر کسی وجہ کے، اور بغیر کسی سوال کے مجھے مارا گیا۔”پروفیسر علی نے مزید کہا، "اس واقعے نے مجھے ایک خوفناک حقیقت کا احساس دلایا: اگر نظام چاہے تو کسی بھی انسان کو بغیر ثبوت، بغیر ٹرائل، اور بغیر انصاف کے ‘انکاؤنٹر’ کر سکتا ہے۔ کوئی معذرت اس زخم کو نہیں بھر سکتی۔ صرف ایک سوال باقی ہے کہ کیا اب انصاف صرف یونیفارم والوں کا حق بن چکا ہے؟”

پروفیسر علی کو میڈیکل کالج جموں میں ضروری ٹیسٹ کرانے کے بعد چھ ٹانکے لگے۔

محبوبہ مفتی نے اس واقعہ پر فوج سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ "ایسے افراد معزز ادارے کی شہرت کو نقصان پہنچاتے ہیں اپنے ناقابل قبول اور طاقت کے بے جا استعمال سے۔”سابق جے کے بی جے پی صدر رویندر رائنا نے پروفیسر علی کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ "قانون کا احترام سب پر لازم ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالا تر نہیں سمجھا جا سکتا۔ جو بھی اس واقعے کا ذمہ دار ہے، وہ قانون کے مطابق سزا بھگتے گا۔”

Shares: