بھارت کے غیرقانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع پونچھ کے کسیلیان میں محاصر ے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا ۔ بھارتی فورسز نے ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے پیر کے روز سرینگر کے علاقے داچھی گام میں تین نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ضلع کٹھوعہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے راجباغ کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔فورسز اہلکاروں نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگائی ۔دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ آخری اطلاعات آنے تک ان علاقوں میں فوجی آپریشن جاری تھے۔

Shares: