گجرات: بھارتی بحریہ اور این سی بی نے بین الاقوامی منشیات کارٹل کی کشتی سے 700 کلو میتھامفیٹامین ضبط کرلی
بھارت میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کامیابی میں، بھارتی حکام نے گجرات میں کام کرنے والے ایک بین الاقوامی منشیات کارٹل سے تقریباً 700 کلو میتھامفیٹامین ضبط کی ہے۔این سی بی، بھارتی بحریہ، اور اے ٹی ایس گجرات پولیس کے مشترکہ آپریشن میں، ایک غیر رجسٹرڈ کشتی کو بھارتی پانیوں میں روکا گیا جس پر یہ منشیات موجود تھیں۔ کشتی پر موجود آٹھ غیر ملکی افراد جن کے پاس کوئی شناختی دستاویزات نہیں تھیں، نے خود کو ایرانی بتایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل انٹیلیجنس معلومات کے نتیجے میں یہ اطلاع ملی کہ ایک غیر رجسٹرڈ کشتی منشیات لے کر بھارتی پانیوں میں داخل ہوگی۔ اس اطلاع پر آپریشن "ساگر منتھن-4” شروع کیا گیا، جس میں بھارتی بحریہ نے اپنے بحری گشت کے وسائل استعمال کرتے ہوئے کشتی کی نشاندہی اور روک تھام کی، جس کے نتیجے میں 15 نومبر کو یہ کامیابی حاصل ہوئی۔منشیات کارٹل کے نیٹ ورک کو سمجھنے اور ان کے تعلقات کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جس میں غیر ملکی اداروں سے مدد لی جا رہی ہے۔
آپریشن "ساگر منتھن” این سی بی نے رواں سال کے آغاز میں بھارتی بحریہ، کوسٹ گارڈ، اور گجرات پولیس کے تعاون سے شروع کیا تھا تاکہ سمندری راستے سے منشیات کی اسمگلنگ کے خطرے سے نمٹا جا سکے۔این سی بی، بحریہ، اور کوسٹ گارڈ کے تعاون سے اب تک 3400 کلو مختلف اقسام کی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، اور 11 ایرانی اور 14 پاکستانی شہری گرفتار ہو چکے ہیں، جو مقدمات کے منتظر جیل میں ہیں۔