ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور جلد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے انعقاد سے متعلق جلد خوشخبری سننے کو ملے گی۔

یہ بات انہوں نے ڈھاکا میں اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دو روزہ اجلاس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، اور تمام 25 رکن ممالک کی شرکت اجلاس کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا ماحول انتہائی خوشگوار اور مثبت تھا۔ "یہ دو دن بڑے یادگار رہے۔ کسی نے سیاست کی بات نہیں کی، سب نے کرکٹ کی بات کی، اور یہی ہمارا مقصد ہے کہ کھیل کو آگے لے کر چلیں،” محسن نقوی نے کہا کہ کچھ ارکان اجلاس میں شریک نہ ہو سکے جو کسی حد تک معمول کی بات ہے۔ "میں خود بھی کچھ عرصہ قبل سنگاپور میں اجلاس میں شریک نہیں ہو سکا تھا۔ مصروفیات کی بنا پر ایسا ہو جاتا ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ بڑی تعداد میں ممبران یہاں موجود تھے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مختلف معاملات پر بات چیت جاری ہے، اور ہم کرکٹ کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے سی سی کی یہ کاوشیں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں، اور ایسی میٹنگز مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ ایشیائی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

Shares: