بھارتی بزدلانہ کاروائی کے بعد آج بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال کارروائیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو آگاہ کیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی ان کارروائیوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی بے گناہ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔پاکستان کی حکومت نے بھارتی جارحیت کو انتہائی سنگین اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی یہ کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کے بھی سراسر مخالف ہیں۔ دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کو سختی سے مسترد کیا۔
دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو سخت خبردار کیا کہ اگر بھارت نے اس قسم کی کارروائیاں جاری رکھی تو اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ وہ پاکستان کے شدید احتجاج کو اپنے حکومت تک پہنچائیں اور بھارت کو اس کے غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے اپنے شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دینے کی ذمہ داری بھارت پر عائد کی۔