سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے بھارتی میڈیا، دفاعی پالیسیوں اور بھارت کی عسکری قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "بھارت کا گودی میڈیا نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھا رہی ہے بلکہ اپنے ہی ملک کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے”۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مبشر لقمان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی، بھارتی جنگی جنون، بھارت کی شکست اور پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار، پاکستانی عوام کے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر بات کی ہے،مبشر لقمان نے بھارتی ٹی وی اینکر اور سابق فوجی افسر میجر گورو آریہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "جو شخص وکرانت طیارہ بردار جہاز سے کراچی پر 15 سے 20 براہموس میزائل داغنے کا مشورہ دے رہا ہے، اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ وکرانت میں یہ میزائل موجود ہی نہیں!” ان کے مطابق ایسی لاعلمی اور اشتعال انگیز تقاریر نہ صرف بے وقوفی کی علامت ہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔

مبشر لقمان نے کہاکہ بھارت کی گودی میڈیا نے پہلے ایران اور ترکی کو ناراض کیا اور اب امریکہ کے خلاف بھی زہر اگل رہی ہے۔ امریکی صدر کے خلاف تواتر سے توہین آمیز بیانات بھارتی سفارتی پوزیشن کو کمزور کر رہے ہیں۔ مہذب قومیں اختلافات کے باوجود شائستہ مکالمہ اختیار کرتی ہیں، نہ کہ چیخ چیخ کر جذباتی نعرے بازی۔مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں رافیل لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور باقی آرڈرز پر بھی کام روک دیا گیا ہے۔ "رافیل طیارے وکرانت کے لیے خریدے گئے تھے، مگر اب انہیں معلوم ہوا ہے کہ وکرانت کا ڈیک ان طیاروں کے لیے چھوٹا ہے۔”بھارتی افواج اس وقت اندرونی خلفشار کا شکار ہیں۔ "ہندوتوا نظریے نے ہر سطح پر نفرت کو جنم دیا ہے۔ اب ہندو سپاہی غیر ہندو افسران کے ماتحت کام کرنے سے گریزاں ہیں، جس سے نظم و ضبط کی بنیادیں کمزور ہو چکی ہیں۔”

مبشر لقمان نے حالیہ "چار روزہ جنگ” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ نے دنیا کو پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کا قائل بنا دیا ہے۔ نہ صرف پاک فضائیہ نے یورپی ساختہ بھارتی ٹیکنالوجی کو تباہ کیا بلکہ ترجمان پاک فوج نے بروقت، درست معلومات فراہم کر کے عوام کو پرسکون رکھا۔ جب ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ‘دنیا جان جائے گی’، تو پوری قوم نے یقین کیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ صرف پانچ گھنٹوں میں بھارتی افواج بھاگ گئیں، پاکستانی عوام میں بھارت کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ڈرون حملوں کے باوجود کوئی ڈر خوف نظر نہیں آیا کوئی شہر خالی نہیں ہوا، لوگ پر اعتماد رہے کہ ان کی افواج جاگ رہی ہیں۔ اس کے برعکس، بھارتی میڈیا نے چیخ و پکار، ایمبولینس کی آوازوں اور جھوٹی رپورٹنگ سے اپنے عوام کو وحشت میں مبتلا کر دیا۔

مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں پاکستانی افواج کے مشترکہ پریس کانفرنس نے دنیا کی توجہ حاصل کی، اور دنیا نے پاکستان کے عسکری نظم و ضبط، جدید حکمتِ عملی اور اعلیٰ تربیت یافتہ پائلٹس کو سراہا۔شکریہ پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی۔ آپ نے ایک بار پھر دنیا کو بتا دیا کہ امن کے ساتھ ساتھ طاقت بھی ہمارے ہاتھ میں ہے

Shares: