غلطی سے پاکستان پہنچ جانے والا ذہنی معذور بھارتی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کے حوالے
پاکستان نے غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان پہنچ جانے والے بھارتی شہری کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی
پنجاب کے شہر گورداسپور سے چندر رام نامی ہندو شخص جس کا دماغی توازن درست نہیں تھا۔ 5 اگست کو نارووال کے قریب سرحد عبور کرکے پاکستان پہنچ گیا جہاں پاکستان رینجرز کے حکام نے اسے گرفتار کر لیا اور تحقیقات شروع کر دی تاہم چندر رام سے کوئی بھی قابل اعتراض شے برآمد نہیں ہوئی۔ پاکستانی حکام نے رام چندر کا طبی معائنہ کروایا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ ذہنی طور پر معذور ہے۔ پاکستانی حکام نے بھارتی حکام سے رابطہ کیا توانہوں نے تصدیق کی کہ رام چندر بھارتی شہری ہے اور غلطی سے سرحد عبور کرکے پاکستان چلا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے آج شام تقریبا پونے چار بجے واہگہ بارڈر کے راستے چندر رام کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے حکام کے حوالے کردیا۔ واہگہ بارڈر پر چندر رام کو بغیر کسی دستاویز کے بھارت کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی حکام نے چندر رام کو واپس کرنے پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔