فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی “برین گین” ہیں، پاکستان نے بھارت کی دوغلی پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، اور واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں اور “برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وابستہ ہے، جو ہر مشکل وقت میں وطن کے لیے سب سے پہلے لبیک کہتے ہیں۔
بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو “وشوا گرو” ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی ٹرانس نیشنل دہشت گرد سرگرمیاں عالمی تشویش کا باعث ہیں، جس کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں 8 بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادیو کیس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی تھی، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے اور خطہ بڑے تصادم کے دہانے پر پہنچا۔ فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اسٹریٹجک لیڈرشپ سے نہ صرف پاک-بھارت جنگ رکی بلکہ دنیا میں کئی تنازعات بھی ٹل گئے۔
عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور بڑے تنازعے کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے، اور پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف عزم دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں، انہیں پوری قوت سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ یہ طاقتور ذریعہ ہے لیکن ملک دشمن عناصر اس کا غلط استعمال کر کے افراتفری پھیلاتے ہیں۔
امریکا کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں ان کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہت کی علامت ہے، ممکنہ تجارتی معاہدے سے بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی اور عسکری کامیابیاں اللہ کی رحمت، قوم کی محنت، سیاسی قیادت کی بصیرت اور فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہیں۔
مریم نواز کا بہترین طرز حکمرانی،عام شہری کی زندگی پر مثبت اثرات.تجزیہ:شہزاد قریشی