لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی محکمہ ڈاک نے یکم ستمبر سے رجسٹرڈ پوسٹ سروس بند کر نے کا اعلان کردیا ہے۔ رجسٹرڈ پوسٹ سروس کا آغاز 1854 میں ہوا تھا۔ یہ اہم دستاویزات، قانونی نوٹس اور قیمتی سامان کی محفوظ ترسیل کی علامت تھی۔ یہ سروس محکمہ ڈاک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی تھی جس پر ڈاکیا دستخط شدہ رسید حاصل کرکے ترسیل کی تصدیق کرتا تھا۔ دعوت نامہ ہو یا تقرری نامہ، رجسٹرڈ پوسٹ ہر گھر کی کہانی کا حصہ تھی۔ اس سے قبل بھارتی محمکہ ڈاک پوسٹ کارڈ، ان لینڈ لیٹر اور بیرنگ پوسٹس کی سروسز بھی بند کرچکا ہے۔ کسی زمانے میں خطوط دوستوں اور رشتہ داروں کی خیریت جاننے کا ذریعہ ہوا کرتے تھے۔ موجودہ دور میں موبائل فون کی آمد کے بعد پیغام رسانی کے لیے بھیجے جانے والے خطوط اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ پوسٹل سروسز اس دور کی یاد دلاتی ہے جب خط کا انتظار اور ڈاکیے کی سائیکل کی گھنٹی دلوں کو جوڑتی تھی۔

Shares: