لاہور(خالدمحمودخالد) دنیا بھر میں بھارتی شہریوں کی جیلوں میں قید ہونے کی تعداد میں گزشتہ سالوں کی نسبت اضافہ ہوا ہے۔

بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ اس وقت 10,574 بھارتی شہری پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں جب کہ 43 موت کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں بھارتی قیدیوں کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے جہاں اس وقت 2,773 شہری سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ سعودی عرب میں بھارتی قیدیوں کی تعداد 2,379 جب کہ نیپال میں1,357 بھارتی قیدی جیلوں میں ہیں۔ پاکستانی جیلوں میں 246 بھارتی شہری قید ہیں۔ دیگر ممالک میں قطر میں 795، ملائیشیا میں 380، کویت میں 342، برطانیہ میں 323، بحرین میں261 جبکہ چین میں 183بھارتی شہری قید ہیں۔ وزیرمملکت نے بتایا کہ 43 بھارتی شہری اس وقت مختلف ممالک میں سزائے موت کا سامنا کر رہے ہیں۔ان میں سب سے زیادہ تعداد21 متحدہ عرب امارات میں ہیں۔ سعودی عرب 7، چین 4، انڈونیشیا 3 اور کویت 2 ہیں۔ ایک ایک بھارتی امریکہ، ملائیشیا، عمان، پاکستان، قطر اور یمن میں سزائے موت کے منتظر ہیں۔ 

Shares: