بھارت کی پاکستان مخالف معاشی سازشیں بے نقاب
تحریر: سیدریاض جاذب
بھارت کی پاکستان مخالف معاشی سازشیں جو FATF، ورلڈ بینک اور IMF میں پاکستان کے خلاف مہمیں بے نقاب ہوگئیں۔ پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی ایک عرصے سے دشمن عناصر کو کھٹک رہی ہے، خصوصاً بھارت کو، جو خطے میں اپنی بالادستی کے خواب کو پورا کرنے کی خاطر پاکستان کے خلاف ہر سطح پر سازشوں میں مصروف ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک بار پھر بھارت کی ایسی کوششیں عالمی منظرنامے پر بے نقاب ہوئی ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر معاشی طور پر کمزور کرنا اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔

بھارت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں پاکستان کی دوبارہ شمولیت کی کوششیں بے کار گئیں۔ سفارتی ذرائع اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کو ایک بے بنیاد اور من گھڑت ڈوزیئر پیش کیا ہے، جس میں پاکستان پر دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ پاکستان FATF کی تمام سفارشات پر عملدرآمد میں ناکام رہا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند سالوں میں اس سلسلے میں غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔

بھارت کا مقصد واضح ہے کہ پاکستان کو دوبارہ FATF کی گرے لسٹ میں شامل کروا کر اسے عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ میں لانا اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا تاکہ ترقیاتی عمل متاثر ہو۔ تاہم عالمی مبصرین اس ڈوزیئر کو سیاسی مقاصد پر مبنی اور تعصب سے بھرپور قرار دے رہے ہیں۔

بھارت کی سازشیں صرف FATF تک محدود نہیں رہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارت نے ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور کردہ 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی شدید مخالفت کی۔ اس مخالفت کے پیچھے بھارت کا وہی پرانا بیانیہ ہے کہ پاکستان مبینہ طور پر غیر ترقیاتی مقاصد کے لیے فنڈز کا استعمال کرتا رہا ہے، حالانکہ اس کا کوئی مصدقہ ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی ان حرکتوں کا مقصد پاکستان کی اقتصادی بحالی کو روکنا اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو خراب کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کار اور مالیاتی ادارے پاکستان سے دور رہیں۔

بھارت نے آئی ایم ایف پروگرام میں مداخلت کی ناکام کوشش کی ہے۔ بھارت نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے آئی ایم ایف (IMF) کے ساتھ جاری مالیاتی مذاکرات پر بھی اثرانداز ہونے کی کوشش کی، تاکہ پاکستان کے لیے طے پانے والے پروگرام کو سبوتاژ کیا جا سکے۔ تاہم عالمی مالیاتی ادارے نے بھارت کے غیر متعلقہ اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ جاری معاہدے کو برقرار رکھا، جو پاکستان کی معاشی شفافیت اور اصلاحاتی عمل پر بین الاقوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔

پاکستانی حکام نے بھارت کے ان بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت خطے میں امن اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلسل جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔ پاکستان کی جانب سے FATF کی تمام سفارشات پر مؤثر عملدرآمد، مالیاتی شفافیت اور بین الاقوامی ضوابط کی پاسداری کو سراہا جانا چاہیے نہ کہ سازشوں کی بھینٹ چڑھایا جائے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارت کی ان کوششوں کا مقصد صرف پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانا ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء میں اپنی غیر فطری بالادستی قائم رکھنا بھی ہے۔ اگر ان سازشوں کو روکا نہ گیا تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

بھارت کی جانب سے FATF، ورلڈ بینک اور IMF جیسے بین الاقوامی اداروں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی یہ مذموم کوششیں بین الاقوامی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ اب وقت آ چکا ہے کہ دنیا بھارت کے دوہرے معیار اور سازشی کردار کا ادراک کرے اور پاکستان کے مثبت، شفاف اور ترقی پسند اقدامات کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و ترقی کے سفر کو یقینی بنائے۔

یہاں یہ بات لائق تحسین اور اطمینان بخش ہے کہ بھارت کے منفی پراپیگنڈے کے مقابلے میں پاکستان نے مؤثر جواب اور حکمت عملی اپنائی جس سے پاکستان کا کردار واضح اور روشن علامت کے طور پر ابھرا اور بھارت کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Shares: