کراچی(باغی ٹی وی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنوی بھٹو نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حالیہ حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت اپنے ذاتی و سیاسی مفادات کے لیے جنوبی ایشیا میں آگ بھڑکا رہی ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

اپنے بیان میں غنوی بھٹو نے کہا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، اور سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا میں کہیں بھی دو ایٹمی ممالک کے درمیان اتنی طویل کشیدگی نہیں رہی جتنی برسوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک صورتحال کو سنجیدگی سے لیں اور فوری کردار ادا کریں۔

غنوی بھٹو نے خبردار کیا کہ بھارت اگرچہ محدود جنگ کی بات کر رہا ہے، لیکن جنگ کبھی محدود نہیں رہتی بلکہ جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہے، جسے قابو پانا کسی ایک ملک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔

انہوں نے اپنے بیان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پاک بھارت امن کے لیے تاریخی کردار اور ڈاکٹر مبشر حسن کی طرف سے دونوں ملکوں کے پرامن عوام کو متحرک کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) نے ہمیشہ امن، انصاف اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی حمایت کی ہے۔ غنوی بھٹو نے واضح کیا کہ اختلافات کا حل میزائل نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔

انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے ان قوتوں کی مذمت کی جو معاشی و سیاسی مفادات کی خاطر مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ غنوی بھٹو نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کے قیام میں کردار ادا کریں بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی انصاف دلوائیں۔

Shares: