ممبئی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی پرواز میں گزشتہ شب تکنیکی خرابی کے باعث پرواز میں تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر ہو گئی، جس کے بعد ہوائی جہاز کے اندر ہنگامہ خیزی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔

ایک ویڈیو جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اس میں مسافر فلائٹ کے روانگی کے وقت کے بارے میں پوچھ رہے ہیں، جبکہ کیبن عملہ انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنی نشستوں پر بیٹھے رہنے کی درخواست کر رہا ہے۔ ویڈیو میں ایک ایئر ہوسٹس بھی ہاتھ جوڑ کر ایک مسافر سے اپنی نشست پر بیٹھنے کی درخواست کرتی نظر آتی ہے، جو فلائٹ میں تاخیر پر احتجاج کر رہا ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب گزشتہ ماہ احمد آباد میں AI 171 فلائٹ کے حادثے کے بعد فضائی سفر کے حوالے سے مسافروں میں خدشات اور بے چینی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کورونا کے بعد ہوائی سفر کے کرایوں میں اضافے کے ساتھ اب سیکیورٹی اور حفاظت کے مسائل بھی مسافروں کو پریشان کر رہے ہیں۔

وارانسی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ کو روانگی سے کچھ دیر قبل تکنیکی مسئلہ سامنے آنے کی وجہ سے پرواز ملتوی کی گئی۔ اس دوران گراؤنڈ اسٹاف جہاز کی جانچ پڑتال میں مصروف رہا جبکہ دوسری پروازوں کو رن وے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔ چیکنگ مکمل ہونے کے بعد، 176 مسافروں کو لے کر انڈیگو کی یہ پرواز ممبئی سے روانہ ہوئی۔فلائٹ ٹریکر "flightradar24” کے مطابق، پرواز نمبر 6E 5028 کی روانگی مقررہ وقت 7:45 بجے کی بجائے رات 9:53 بجے ہوئی، جبکہ یہ وارانسی میں رات 11:40 بجے اتری۔ مقررہ وقت پر آمد 9:45 بجے تھی۔

ویڈیو میں کیبن عملہ مسافروں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کو کہہ رہا ہے اور زمین پر کام کرنے والے عملے سے جہاز کی جانچ مکمل ہونے تک انتظار کرنے کی تاکید کر رہا ہے۔ ایک ایئر ہوسٹس ویڈیو بنانے والے مسافر سے درخواست کرتی ہے کہ "سر، ویڈیو بنانا منع ہے، براہ کرم ویڈیو بند کریں۔” جس پر مسافر سخت احتجاج کرتے ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ "ہماری جان کی کوئی قدر نہیں؟” ایک اور مسافر پوچھتا ہے، "جہاز کے اندر بٹھانے کے بعد جانچ کرنا مناسب ہے؟ اگر پرواز کے دوران کچھ ہوا تو ذمہ داری کون لے گا؟”مسافروں میں غصہ اور بے یقینی دیکھنے میں آ رہی تھی، کئی افراد ویڈیو بنا رہے تھے اور عملے سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ متبادل حل پیش کریں۔ ایک مسافر کہتا ہے، "آپ ہم سے تعاون کی توقع رکھتے ہیں، تو آپ کو بھی ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔”

جہاز کی خاتون پائلٹ، کیپٹن اروشوی، غصے میں آئے ہوئے مسافروں کو ان کی نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، "آئیے بات کرتے ہیں لیکن براہ کرم بیٹھ جائیں۔ ہم دروازہ اس وقت تک بند نہیں کریں گے جب تک آپ مطمئن نہ ہوں۔ ہم آپ کے تمام سوالات کے جوابات دیں گے۔”ایک اور ویڈیو میں کیپٹن اروشوی مسافروں کو یقین دلاتی ہیں کہ تاخیر اس لیے کی گئی تاکہ ہر نظام کی مکمل جانچ پڑتال کی جا سکے۔ وہ کہتی ہیں، "ہم دس منٹ میں روانگی کے لیے تیار ہیں۔ اگر آپ خلفشار نہ کریں تو میں یقین دلاتی ہوں کہ ہم سب خوش و خرم وارانسی پہنچ جائیں گے۔”اس موقع پر کچھ مسافر "ہر ہر مہا دیو” کا نعرہ لگاتے ہیں اور پائلٹ بھی اس میں شامل ہو جاتی ہیں۔ وہ مزید کہتی ہیں، "آئیے مثبت رہیں اور اچھی فلائٹ کی توقع کریں۔ اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو میں کبھی جہاز نہیں اُڑاتی۔ یہ جہاز فلائٹ کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔ ہمیں وارانسی خوشگوار اور محفوظ طریقے سے پہنچنا ہے، براہ کرم پریشان نہ ہوں۔”

Shares: