بھارت کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کے ایک مسافر طیارے کی ونڈ اسکرین میں اچانک دراڑ پڑ گئی

یہ واقعہ ہفتہ کے روز اُس وقت پیش آیا جب طیارہ مدورئی سے چنئی کے لیے پرواز کر رہا تھا اور لینڈنگ سے کچھ دیر قبل پائلٹ نے طیارے کی اگلی شیشے (ونڈ اسکرین) میں دراڑ محسوس کی۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق، طیارے میں 76 مسافر سوار تھے۔ پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی اور ہنگامی انتظامات کیے گئے۔ حکام نے بتایا کہ طیارہ بحفاظت چنئی ایئرپورٹ پر اتارا گیا اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق، لینڈنگ کے بعد جہاز کو فوراً علیحدہ بی نمبر 95 پر پارک کیا گیا جہاں تمام مسافروں کو باحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارے کی ونڈ اسکرین تبدیل کرنے کے انتظامات جاری ہیں جبکہ واقعے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ایئرلائن کے مطابق، طیارے کی واپسی کی پرواز مدورئی کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے تاکہ مرمت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ادھر، انڈیگو انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ماہرینِ ہوا بازی کے مطابق، طیاروں کی ونڈ اسکرین پر دراڑیں عام طور پر فضائی دباؤ یا درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی کے باعث پڑتی ہیں، تاہم اس موقع پر پائلٹ کی بروقت کارروائی نے ممکنہ سانحہ سے درجنوں قیمتی جانیں بچا لیں۔

Shares: