دہلی ایئرپورٹ پر ایک خطرناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب دِماپور جانے والی انڈیگو کی پرواز میں ایک مسافر کے پاور بینک سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے طیارے کے کیبن عملے نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ واقعہ انڈیگو کی پرواز 6E-2107 میں پیش آیا جو دہلی سے ناگالینڈ کے شہر دِماپور جا رہی تھی۔ جہاز ابھی ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک ایک مسافر کی ذاتی الیکٹرانک ڈیوائس پاور بینک سے دھواں اٹھنے لگا اور چند لمحوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق، “عملے نے صورتحال کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں سنبھالا اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل کرتے ہوئے چند سیکنڈز میں آگ بجھا دی۔” آگ جہاز کی سیٹ بیک پاکٹ میں رکھی گئی ذاتی الیکٹرانک اشیاء سے لگی تھی۔ پرواز کو حفاظتی تقاضوں کے مطابق فوراً واپس گیٹ پر لایا گیا، اور مکمل معائنہ کے بعد جہاز کو دوبارہ کلیئر کر دیا گیا۔
فائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24.com کے مطابق، ایئربس A320 نیو ماڈل پر مشتمل یہ پرواز دوپہر 2:33 بجے دہلی سے روانہ ہوئی اور 4:45 بجے دِماپور پہنچی۔ طے شدہ وقت کے مطابق اسے 12:25 بجے اڑان بھرنا تھی، لیکن حفاظتی چیک کی وجہ سے تاخیر پیش آئی۔اگرچہ پرواز میں سوار مسافروں کی درست تعداد جاری نہیں کی گئی، لیکن تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی اسی ہفتے ایک ایئر چائنا کی پرواز میں لیتھیئم بیٹری سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جو سیول جا رہی تھی۔ ماہرین کے مطابق، لیتھیئم آئن بیٹریوں سے پیدا ہونے والی آگ جہاز میں سنگین خطرہ بن سکتی ہے، اسی لیے ائیرلائنز نے پاور بینکس اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے حوالے سے سخت حفاظتی اصول نافذ کر رکھے ہیں۔