صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کیا۔
منگل کو ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی کابینہ کے اراکین، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف ، پارلیمنٹ کے اراکین اور سفارتی کور کے نمائندگان نے شرکت کی۔
قبل ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور پائیدار بنیادوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جو قائدِ اعظم محمد علی جناح اور صدر سوئیکارنو نے قائم کی تھیںدونوں صدور نے پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار اور دیرپا خیرسگالی پر استوار ہیں ،انہوں نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مزید قریبی تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔صدر آصف علی زرداری نے سوماترا میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے جاں بحق افرادکی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
دونوں رہنماؤں نے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور جامع ترقی کے فروغ کے اپنے عزم پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ اصول مستقبل میں باہمی تعاون کی رہنمائی کریں گے۔انہوں نے دوطرفہ تجارت کا جائزہ لیا اور اقتصادی تعاون میں مسلسل اضافے پر اطمینان ظاہر کیا، صدرِ آصف علی زرداری نے پاکستان کی برآمدات میں تنوع اور متوازن تجارتی مواقع کی ضرورت پر زور دیا، دونوں فریقین نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام کو تجارتی مسائل کے حل اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے ایک مؤثر فورم قرار دیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاعلاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدرِ مملکت نے معزز مہمان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وسیع اجلاس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی-
پاکستان کی جانب سے شرکاء میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وزیر تجارت جام کمال خان ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر ، سیکریٹری خارجہ اور انڈونیشیا میں پاکستان کے سفیر شامل تھےدونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مزید جائزے کے لیے علیحدہ ون آن ون ملاقات بھی کی۔تقریب کے بعد معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔








