جکارتہ: انڈونیشیا نے 2025 میں بھارت کے بجائے پاکستان سے بھینس کے گوشت کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے اور ایک لاکھ میٹرک ٹن گوشت درآمد کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
مقامی میڈیا "کونتان” کے مطابق، نیشنل فوڈ ایجنسی کے سربراہ عارف پرستییو آدی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے گوشت درآمد کرنے کا فیصلہ کم قیمت اور بہتر معیار کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
انڈونیشیا نے 2025 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گائے کا گوشت اور ایک لاکھ میٹرک ٹن بھینس کا گوشت درآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
گزشتہ سال انڈونیشیا نے بھارت سے بھینس کا گوشت درآمد کیا تھا، تاہم اس سال پاکستان کو ترجیح دی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، پاکستان کی مسابقتی قیمتیں اور معیاری گوشت کی سپلائی اس فیصلے کی اہم وجوہات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان کی گوشت برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔








