انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت نیوٹرل ایکسپرٹ کا اجلاس 17 سے 21 نومبر 2025 تک آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد ہو گا۔ یہ اجلاس دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے کے تحت بھارت کے آبی منصوبوں، بالخصوص کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹس سے متعلق تنازعات کے جائزے کے لیے بلایا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق، پاکستان اجلاس میں خلوصِ نیت کے ساتھ مکمل طور پر شریک ہوگا تاکہ معاہدے کے تحت اپنا مؤقف اور خدشات پیش کر سکے۔دوسری جانب، بھارت نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ ویانا میں ہونے والی نیوٹرل ایکسپرٹ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔ نئی دہلی کا مؤقف ہے کہ چونکہ پاکستان نے اسی معاملے پر کورٹ آف آربیٹریشن سے بھی رجوع کیا ہے، اس لیے بیک وقت دو فورمز پر کارروائی معاہدے کی روح کے منافی ہے۔
تاہم، نیوٹرل ایکسپرٹ نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کی عدم شرکت کے باوجود کارروائی جاری رہے گی اور مقررہ تاریخوں پر اجلاس منعقد ہوں گے۔ذرائع کے مطابق، اجلاس کے دوران پاکستان کی ٹیم بھارت کے ہائیڈرو پاور منصوبوں کے ڈیزائن اور پانی کے بہاؤ پر ان کے ممکنہ اثرات پر اپنے دلائل پیش کرے گی۔








