اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)کھوجی کتوں کی نشاندہی پر معصوم ‘مجرم’ قرار، کئی خاندان دشمنیوں کی بھینٹ چڑھ گئے
ضلع بہاولپور میں کھوجی کتوں کے ذریعے جعلی سراغ رسانی کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد مجرم قرار دیے جا چکے ہیں، جس سے کئی خاندان دشمنیوں اور تباہی کا شکار ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں ریٹائرڈ آرمی افسران کے نام پر قائم پرائیویٹ سراغ رساں کتوں کے دفاتر مبینہ طور پر معصوم لوگوں کے خلاف جھوٹے الزامات کے لیے کھوجی کتوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان دفاتر کے ایجنٹ کسی بھی واردات کے بعد متاثرہ افراد سے رابطہ کر کے اپنی خدمات بیچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پولیس بھی ان ایجنٹوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور مدعیوں کو کھوجی کتوں کی خدمات حاصل کرنے کا مشورہ دیتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سراغ رسانی کے لیے استعمال ہونے والے کتے اکثر "ایکسپائر” ہوتے ہیں اور ایجنٹوں کے اشاروں پر کسی بھی غریب کے گھر یا ویران جگہ پر بیٹھ جاتے ہیں۔
جہاں یہ کتے بیٹھتے ہیں، وہیں متاثرہ خاندان کو مجرم قرار دے دیا جاتا ہے اور پولیس اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کر دیتی ہے۔ یہاں تک کہ بے گناہ افراد کے گھروں کا سامان تک اٹھا لیا جاتا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔
یہ واقعات نہ صرف بے گناہ افراد کے لیے ظلم و زیادتی کا سبب بن رہے ہیں بلکہ کئی خاندانوں کے درمیان دیرینہ دشمنیوں کو جنم دے رہے ہیں۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان پرائیویٹ سراغ رساں کتوں کے اداروں پر پابندی عائد کی جائے اور پولیس کو کھوجی کتوں کی نشاندہی پر ایف آئی آر کے اندراج سے روکا جائے تاکہ بے گناہ افراد کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ان کے خاندانوں کو تباہی سے بچایا جا سکے۔








