ڈی آئی خان : بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، شکایات پربنک الفلاح کے خلاف انکوائری
ڈی آئی خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمدنوازمغل)وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی حالیہ شکایات پر ان ایکشن لیتے ہوئے کہاہے کہ خیبر پختونخوا میں پیمنٹ سنٹرز پر سسٹم کے مسائل پر بنک الفلاح کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے۔بنک الفلاح کی نااہلی ہے کہ لنک کیوں ڈاؤن ہیں اور غریب پیمنٹ کے لیئے مارے پھر رہے ہیں ۔بنک الفلاح کے اعلی حکام سے بات کی ہے سیکریٹری بی آئی ایس پی اس کی تحقیقات کررہے ہیں
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیوں دو دنوں سے خواتین کو ادائیگی نہیں ہوئی اس کوتاہی میں جو بنک ملوث ہوا اسکے خلاف کارروائی کرینگے ،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی خواتین کے ساتھ کوئی نامناسب رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا،چار سدہ میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر تشدد کے مرتکب اہلکاروں کو فوری معطل کردیا گیا ہے اورآئی جی خیبرپختونخوا نے مبینہ مسئلہ پر پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے